Ads 468x60px

.

پاک نیوز آن لائن کو پورے پاکستان میں بیوروچیف ،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ، کی ضرورت ہے ۔رابط03116077777

News

ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی نہیں جمہوریت پسند طاقتوں کی فتح ہے، گورنر پنجاب
لاہور (اپنے نمائندے سے) گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی شہد سے زیادہ میٹھی اور کوہ ہمالیہ سے اونچی اور بحرالکاہل سے گہری ہے۔ عوامی جمہوریہ چین نے دُنیا کے ہر فورم پر ہر معاملے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور پاکستان نے بھی ہر مرحلے پر چینی قوم کی امنگوں کا ساتھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گورنر ہائوس لاہور میں سات رکنی چائنہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت پاکستان میں تعینات چائنہ کے سابق سفیر مسٹر ذوکانگ نے کی۔ وفد میں سابق قونصل جنرل ٹینگ مینگ شنگ، سابق سفیر لو شی لِن، سابق قونصلر ڈینگ بنگ جن، ذوکانگ، سابق کمرشل قونصلرپانگ رونگ یووان، وفد کی ممبر تین یان اور چینی سفارتخانہ کے فرسٹ سیکرٹری لی کی بھی شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے آپس میں اعتماد اور محبت کی مثالی روایات کو نئی نسل تک کامیابی سے منتقل کیا ہے۔ اس موقع پر چائنہ کے سابق سفیر مسٹر ذوکانگ نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے لوگ پاکستانی قوم کی اُن کے لئے محبت کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وہاں کے لوگ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے ٹیلی فون پر وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کو ان کے صاحبزادے موسیٰ گیلانی کی ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میںبے مثال کامیابی پر مبارکباد دی۔ اُنہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب پر کامیابی پیپلز پارٹی ہی کی نہیں بلکہ پاکستان کے جمہوریت پسند طاقتوں کی فتح ہے اور اس فقیدالمثال کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو پورے ملک میں یکساں مقبول اور ہر دل عزیز ہے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ شہرام سرور کو لاہور لائیکورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے شہرام سرور کی فتح کو جمہوریت پسند قوتوں کی فتح قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کی کامیابی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ وکلا برادری کی اکثریت جمہوریت، قانون اور آئین کی بالا دستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

جیتنے والے وزیر، ہارنے والے مشیر باقی سفیر بنا دیئے جاتے ہیں، فاروق ستار
سیالکوٹ(نیوزایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر و ایم این اے ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی اتحادی حکومت کے طرز حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکی پالیسی یہ ہے کہ جیتنے والے وزیر ہارنے والے مشیر اور باقی بچ جانے والے سفیر بنائے جاتے ہیں اور بے چاری عوام کی فقیری ختم نہیں ہوتی۔ اگر ایسی صورتحال رہی تو عوام بیچاری کہا جائے گی یہ لوگ بھی اسی ٹولے کا حصہ ہیں جنہوں نے گذشتہ 65سال سے جاگیرداروں ،وڈیروں کی شکل میں ملک کو لوٹا ہے اور موروثی سیاست کو اس ملک پر مسلط کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سیالکوٹ شہاب پورہ میں منعقدہ جلسہ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دکھ اور افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کو2فیصد حکمرانی استحصالی ٹولے کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اسطرح98فیصد پاکستانیوں کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی عمل میں شامل نہیں کیا جاتا جو مسائل کی اصل جڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت نہیں فیڈرل کریسی کی شکل ہے۔ ہمیں مل کر65 سالوں سے جاری ٹوپی ڈرامے کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سیالکوٹ میں فٹبال اور سر جیکل کی مصنوعات بنائی جاتی ہیں آج یہاں لوگوں کا جم غفیر دیکھ کر یقین ہوگیا کہ یہ لوگ اب حکمرانوں کو فٹبال بنائیں گے اور سر جیکل مصنوعات کے ذریعے انکی سرجری کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ یہاں امیر کو ٹیکس میں مستثنی اور استثنی حاصل ہے جبکہ غریب کی کھال سے بھی ٹیکس نکالا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر ان جاگیرداروں وڈیروں کو للکارا جائے جس کے لیے ہمیں پڑھی لکھی اور نوجوان قیادت کو اسمبلیوں میں لاکر ملکی ترقی کے عمل کو تیز کر نا ہوگا
فاروق ستار

اقتدار ملنے پر توانائی بحران کرپشن کا خاتمہ کردینگے، عمران خان
اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ، توانائی بحران ،کرپشن اور بد انتظامیوں کا 90 دن کے اندر خاتمہ کریں گے ،ڈنڈے سے پالیسیوں سے ہر شعبہ میں اصلاح کی جائے گی ، تمام پاور پلانٹس کو فرنس آئل سے کول پر تبدیل کر کے قومی خزانے کو ہونے والے 3سو ارب سالانہ کے خسارہ کو ساڑھے 3سو ارب کی بچت میں تبدیل کریں گے ،تھرکول کو نجی شعبے کے حوالے کر دیا جائے گا فیول کی بجائے شمسی اور پانی سے توانائی کے اصول کو ترجیح دیں گے ،جب تک حکمرانوں اور لیڈرروں کے اثاثے ملک کے اندر نہیں ہونگے وہ کوئی طویل المدتی فیصلے نہیں کر سکتے ، تحریک انصاف بیرون ملک اثاثے رکھنے والے کو نہ تو وزیر اعظم بنائے گی اور نہ ہی کابینہ میں شامل کیا جائے گا ۔ وہ اتوارکو یہاں پارٹی کے زیر اہتمام توانائی بحران اور اس کے حل پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے پارتی کی انرجی پالیسی پر بریفنگ دی ۔ پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی ، سیکرٹری عارف علوی سمیت دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے ایسے حالات میں پاکستان کے مسائل کو حل کرنا آسان نہیں تاہم تحریک انصاف ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی سکت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو دیوالیہ بنا رکھا ہے ،جب تک حکمرانوں اور لیڈروں کے اثاثے پاکستان میںنہیں ہونگے وہ پاکستان کیلئے کوئی لانگ ٹرم فیصلے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کوئی رہنما اس وقت تک کابینہ کا ممبر یا وزیراعظم بننے کا اہل نہیں ہوگا جب تک اس کے اثاثے پاکستان میں نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری توانائی بحران نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے ،توانائی بحران کے باعث غربت،مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے ،حکومت یہ کر رہے ہیں اور مجرم تحریک انصاف بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے دور حکومت میں تمام مسائل کو حل کریگی اس وقت توانائی بحران سب سے اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ملک بینک کرپٹ اور ڈس انڈسٹریسٹ کی طرف جارہا ہے ،تحریک انصاف 90 دن میں دہشتگردی اور بیڈ گورنس کا خاتمہ کریگی اور توانائی بحران کو حل کرنے کیلئے گڈ گورنس قائم کرکے 19 دن میں کرپشن کا مکمل خاتمہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 80,80 وزراء کی فوج بنائی ہوئی ہے ،ایم این ایز کی بلیک میلنگ پر وزارتیں بانٹی جارہی ہیں ایسے حالات میں ملکی مسائل کو حل کرنے کیلئے گڈ گورنس سسٹم کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے اہل اور ایماندار لوگوں کو اوپر لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ گورنس سسٹم کو تبدیل کرنا اور نیا مینجمنٹ سٹرکچر لانا ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ پاکستان کے گورنس سسٹم کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی سکیورٹی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بے پناہ قربانیاں دیں اور پاکستانی عوام میں اب بھی قربانی کا جذبہ موجود ہے ،ہمیں ایسے حالات میں لوگوں کو موبلائز کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں ،بیرون ملک پاکستانیوں کے جی ڈی پی پورے پاکستان کے جی ڈی بی برابر ہے ۔انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کا شارٹ فال 7 ارب ہے ،شوکت خانم کو 40 فیصد جبکہ نمل یونیورسٹی کو 70 فیصد فنڈ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے ملتے ہیں۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ملک میں جاری توانائی بحران اور اس کے حل کیلئے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک تبدیلی کی علامت ہے اور ملک میں بنیادی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے ،آج کی تقریب کا مقصد ملک میں جاری توانائی بحران اور اس کے حل کیلئے اپنی پالیسی واضع کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم 40 سال سے اس مسئلے سے دوچار ہیں ماضی میں کسی بھی حکومت نے اس مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا اور نہ ہی اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں میں پولیٹیکل ویل کی کمی ہے جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 5 ہزار جبکہ گیس کا شارٹ فال ڈیرھ ہزار سے تجاوز کر چکا ہے اور آئندہ پانچ سال میں بجلی کا شارٹ فال 11 ہزار میگاواٹ جبکہ گیس کا شارٹ فال ساڑھے 3 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جائے گا ،اس وقت گیس کی کمی کی وجہ سے متعدد پاور پلانٹ بند ہیں جبکہ باہرسے لائے گئے رینٹل پاور پلانٹ سے بجلی پیدا کرنے کی جگہ پیسے بنائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی ویژن نہیں تحریک انصاف اقتدار میں آکر سب سے پہلے منسٹری آف انرجی کرائسسز قائم کریگی جو ملک میں توانائی بحران کے حوالے سے پالیسیاں مرتب کریگی جنہیں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے ،سورج اور مائیکرو ہائیڈرل کے ذریعے بجلی پیدا کی جائے گی اور پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی جگہ کوئلے میں تبدیل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ڈنڈے سے نہیں اپنی پالیسی سے مسائل حل کریگی ،حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث توانائی بحران میں اضافہ ہوا اس وقت ہر سال توانائی بحران کی وجہ سے3 سو ارب کا خسارہ ہو رہا ہے ،فرنس آئل سے کوئلے میں تبدیل کرکے ساڑھے 3 سو ارب بچایا جاسکتا ہے ،تحریک انصاف پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی جگہ کوئلے پر چلائے گی اور چوری کو کم کرکے لائن لاسز کو کم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم تھرکول کو پرائیویٹائز کریں گے کیونکہ تھرکول پورے سندھ کی تقدیر بدل سکتا ہے اس وقت تھرکول میں 10 ارب ٹن کا کوئلہ موجود ہے جس سے توانائی کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے ،توانائی بحران کو حل کرنے کیلئے 6 ملین ڈالرسالانہ درکار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پانچ سال میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرکے مانیٹرنگ اور احتساب کے کلچر کو عام کریگی۔اس موقع پر تقریب میں تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی اور سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عارف علوی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے ۔
عمران